’یہ دھونی کو تم لوگوں نے کہاں سے ڈھونڈا؟‘ پرویز مشرف کے اس سوال پر ساروو گنگولی نے کیا جواب دیا؟ جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے


   
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف کے بارے میں بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی کے مداح تھے۔ ایک تقریب میں انہوں نے بھارتی ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی سے پوچھ لیا کہ” آپ نے دھونی کو کہاں سے ڈھونڈا؟“جس کا سارو گنگولی نے ایسا جواب دیا کہ سن کر آپ کے لبوں پر بھی مسکراہٹ آ جائے گی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گزشتہ دنوں یہ واقعہ سناتے ہوئے سارو گنگولی نے بتایا کہ جب پرویز مشرف نے مجھ سے یہ سوال پوچھا تو میں نے کہا کہ ”دھونی واہگہ بارڈر پر گھوم رہا تھا، ہم نے اسے پکڑ کر اپنی طرف کھینچ لیا۔ “
رپورٹ کے مطابق اس وقت ایم ایس دھونی کے بال بہت لمبے ہوتے تھے اور پرویز مشرف اس کے بالوں کی وجہ سے بھی اس کے مداح تھے۔ اسی تقریب میں پرویز مشرف نے دھونی کو بال نہ کٹوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”اگرچہ سٹیڈیم میں درجنوں پلے کارڈز پر لکھا ہوتا ہے کہ ’دھونی اب بال کٹوا لو۔‘ لیکن اگر تم میری بات مانو تو تم اس ہیئرسٹائل میں بہت اچھے لگتے ہو۔“یہ واقعہ ان دنوں بھارتی کرکٹ کی کہانیوں میں سب سے نمایاں رہا کہ ایک ملک کے صدر دھونی کے بالوں سے سٹائل سے متاثر تھے۔